ایک صدی پہلے 5سے 10 کروڑ لوگوں کی جان لینے والا ہسپانیہ فلو
سنہ 2019 کے اواخر میں شروع ہونے والی کورونا وائرس کی وبا اب پوری دنیا میں پھیل چکی ہے اور اب تک تقریباً 13 ہزار لوگ اس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ مگر یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ کسی عالمی وبا نے اتنے بڑے پیمانے پر جانیں لی ہوں۔
تقریباً ایک سو سال قبل دنیا دو کروڑ لوگوں کی جانیں لینے والی پہلی عالمی جنگ کے بعد سنبھل ہی رہی تھی کہ اچانک لوگوں کو ایک اور چیز سے مقابلہ کرنا پڑا جو اس سے بھی زیادہ مہلک تھی۔ یہ تھی فلو کی وبا۔
اس عالمی وبا کو ہسپانوی فلو کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ مغربی محاذوں پر فوج کے تنگ اور پر ہجوم کیمپوں سے پھوٹی۔ فرانس کی سرحد کے ساتھ صفائی کی ناقص صورتحال خصوصاً خندقوں میں اس کی نشوونما ہوئی اور پھر یہ پھیلتا ہی گیا۔
جنگ نومبر 1918 میں ختم ہوئی لیکن یہ فوجی اپنے ہمراہ وائرس لے کر گھروں کو لوٹے جہاں جنگ سے بھی زیادہ جانی نقصان ہونے والا تھا۔ ایک اندازے کے مطابق اس وبا سے پانچ کروڑ سے 10 کروڑ افراد ہلاک ہوئے۔
دنیا میں گذشتہ کئی برسوں کے دوران کئی وبائیں پھوٹیں جن میں کم از کم تین فلو کی قسمیں تھیں۔ لیکن ان میں سے کوئی بھی اتنا مہلک نہیں رہا جتنا یہ تھا۔
نمونیا عمومی قاتل
کووڈ 19 کے باعث ہونے والی ہلاکتیں ہسپانوی فلو کے مقابلے میں کہیں زیادہ کم ہیں۔ معمر افراد یا ایسے لوگ جن کی قوتِ مدافعت کسی بیماری کی وجہ سے کمزور ہو چکی تھی، اب تک اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں اور یہ لوگ ان انفیکشنز کے حوالے سے کافی حساس تھے جو .نمونیا کا باعث بنتے
کچھ مقامات بچ گئے
جس وقت ہسپانوی فلو کا حملہ ہوا فضائی سفر ابتدائی دور میں تھا۔ لیکن کرہ ارض پر کچھ مقامات ایسے بھی تھے جو اس کے خوفناک اثرات سے محفوظ رہے۔ دنیا میں اس کے پھیلنے کی رفتار بہت سست تھی۔ یہ ریلوے اور بحری جہازوں سے پھیلا نہ کہ ہوائی جہازوں سے۔ کئی مقامات تک یہ مہینوں اور کئی تک یہ برسوں کے بعد پہنچا۔
کچھ علاقے اس فلو کو روکنے میں کامیاب رہے اور اس کے لیے انھوں نے کچھ بنیادی طریقے اپنائے جو آج 100 سال بعد بھی استعمال ہوتے ہیں۔ امریکہ کی ریاست الاسکا میں برسٹل بے میں ایک آبادی اس فلو سے صاف بچ نکلی۔ انھوں نے سکول بند کر دیے، عوامی اجتماعات پر پابندی لگا دی اور گاؤں میں مرکزی شاہراہ سے داخلے پر پابندی عائد کر دی۔
یہ طریقہ آج بھی چین کے ہوبائی صوبے اور شمالی اٹلی میں استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔
ڈاکٹروں نے ہسپانوی فلو کو ’تاریخ کا سب سے بڑا ہولوکاسٹ‘ قرار دیا ہے۔ صرف یہی نہیں کہ اس نے بڑی تعداد میں لوگوں کی جان لی بلکہ اس کے کئی شکار نوجوان اور صحت مند لوگ تھے۔
عام طور پر ایک صحت مند مدافعتی نظام فلو کے ساتھ مناسب انداز میں مقابلہ کر لیتا ہے لیکن فلو کی اس قسم نے مدافعتی نظام پر غالب آ کر جسم کے اندر ’سائٹوکن سٹارم‘ نامی ردِعمل کو جنم دیا۔ اس سے پھیپھڑوں میں پانی بھر جاتا ہے جو دیگر انفیکشنز کی آماجگاہ بن جاتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بڑی عمر کے افراد اس سے اتنے متاثر نہیں تھے، شاید اس لیے کیونکہ وہ اسی طرح کے ایک فلو سے بچ چکے تھے جو 1830 کی دہائی میں انسانی آبادیوں میں پھیلا تھا۔
نئے کورونا وائرس سے معمر افراد اور ایسے افراد جو پہلے سے بیماریوں میں مبتلا ہیں زیادہ خطرے میں ہیں۔ اگرچہ اس سے ہلاکتیں اب بھی کم ہیں لیکن زیادہ تر مرنے والے 80 سال سے زائد عمر کے لوگ ہیں۔
اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے آج دنیا بھر میں صحت عامہ کے جو اقدامات کیے جا رہے ہیں وہ وہی ہیں جو ہسپانوی فلو کو روکنے کے لیے سب سے زیادہ پر اثر رہے۔
عوامی صحت بہترین دفاع
ہسپانوی فلو ایسی دنیا میں پھیلا تھا جو عالمی جنگ سے سنبھل رہی تھی اور جہاں تمام ضروری عوامی وسائل فوجی صلاحیتوں پر صرف کیے جا رہے تھے۔
کئی علاقوں میں صحتِ عامہ کے نظام ابھی اپنے ابتدائی مراحل میں تھے اور صرف امیر یا متوسط طبقے کے افراد ہی ڈاکٹر کے پاس جانے کا خرچ برداشت کر سکتے تھے۔
اس فلو نے جھونپڑیوں میں اور شہروں کے غریب آبادی والے علاقوں میں بہت سے لوگوں کی جان لی، جہاں آبادی میں غدائیت کی کمی تھی، صفائی کی صورتحال ناقص جبکہ لوگوں کی صحت بھی معیاری نہیں تھی۔
اس فلو نے دنیا بھر میں نظام صحت کی تخلیق میں اہم کردار ادا کیا کیونکہ سائنسدانوں اور حکومتوں کو اس بات کا ادراک ہوا کہ عالمی وبائیں ماضی کی نسبت اب زیادہ تیزی سے پھیل سکتی ہیں۔
اس صورتحال میں ہر مریض کا فرداً فرداً علاج کافی نہیں ہوگا۔ عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے شہروں میں حکومت کو جنگی بنیادوں پر اپنے وسائل کو حرکت میں لانا ہوگا، جن لوگوں میں بیماری کی علامات ہوں انھیں قرنطینے میں رکھا جائے، ایسے افراد جن میں ہلکی علامات ہوں انھیں زیادہ بیماد افراد سے الگ رکھا جائے، لوگوں کی نقل و حرکت کو محدود کیا جائے تاکہ یہ بیماری خود بخود ختم ہو جائے۔
Comments
Post a Comment
Please do not enter any spam link in the comment box